اشون کی مشکل حالات میں سنچری

یو این آئی

چنئی/روی چندرن اشون نے جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری بنا کر ناقدین کو اپنے بلے سے جواب دیتے ہوئے ثابت کر دیا کہ وہ ایک آل راؤنڈر ہیں۔اشون ایک ایسے وقت میں بلے بازی کے لیے آئے جب ہندوستان چھ وکٹوں کے نقصان پر 144 پر مشکل میں تھا۔ اس دوران انہوں نے تیزی سے رنز بنائے اور محض 108 گیندوں پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری اسکور کی۔ اشون نے ثابت کردیا کہ وہ نہ صرف ایک ہنر مند گیند باز ہیں بلکہ ایک بہترین بلے باز بھی ہیں اور ان کے پاس بلے بازی کی طاقت بھی ہے ۔اشون نے یہ سنچری اپنے گھریلو میدان پر بنائی ہے ۔ بنگلہ دیش کے خلاف یہ ان کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی سرزمین پر چار سنچریاں اسکور کی ہیں، جب کہ دو اور سنچریاں غیر ملکی سرزمین پر۔ اس سنچری سے پہلے اشون نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف سنچری بنائی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف چار سنچریاں لگاچکے ہیں۔ اشون دنیا کے واحد ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں چھ سنچریاں بنائیں اور 500 سے زیادہ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اس میچ میں انہوں نے 58 گیندوں میں اپنی نصف سنچری اور 108 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ اشون نے اپنی سنچری اننگ میں دو چھکے اور 10 چوکے لگائے ۔