بڈگام//خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر محمد اشرف میر نے بڈگام میںایک عوامی دربار کا انعقاد کر کے ضلع میں لوگوں کو درپیش مسائل سے جانکاری حاصل کی ۔ ایم ایل سی سیف الدین بٹ ، سابق ایم ایل اے ڈاکٹر شفیع احمد وانی ، وی سی ہینڈ لوم منتظر محی الدین ، ڈی سی بڈگام محمد ہارون ملک اور کئی دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس دربار میں کافی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے وزیر کو اپنے مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے روشناس کرایا ۔ عوامی وفود نے ضلع میں سڑکوں پر تار کول بچھانے ، پانی ، بجلی ، صحت اور دیگر شعبوں کے مسائل کو اجاگر کیا ۔ وزیر نے یہ مسائل غور سے سُنے اور کئی ایک مسائل کو موقع پر ہی حل کرنے کی ہدایات دئے ۔ ڈی سی بڈگام نے اس موقع پر کہا کہ 2017 میں ضلع میں 350 کلو میٹر لمبی سڑکوں پر تار کول بچھایا گیا اور یہ کام اس سال بھی جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں عوامی فائدے کیلئے اس سال 172 نئے فئیر پرائس دکانیں کھولی جائیں گی ۔ اشرف میر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے سرکاری حکمنامے من و عن عملائیں تا کہ سرکاری سکیموں کے فوائد لوگوں تک پہنچ پائیں ۔