سرینگر /ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے تمام سرکاری اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سردیوں کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیں۔ ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان، جس میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کیساتھ13نومبر کو منعقد ہونے والی میٹنگ کا حوالہ دیکر لکھا گیا ہے کہ تمام چیف میڈیکل افسران ، میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں اوربلاک میڈیکل افسروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ سردیوں کے ایام کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے طبی سہولیات فراہم کرنے کی اقدامات اٹھائیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام اسپتالوں میںضروری ادویات، گرمی کے انتظامات، ایمبولنس خدمات ، ہر ضلع اور بلاک میں سطح پر کنٹرول روم کے قیام اور طبی اور نیم طبی عملہ کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ کنٹرول روم کے قیام کے بعدنوڈل افسران اور کنٹرول روم کے لینڈ لائن نمبرات نہ صرف ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو فراہم کئے جائیں بلکہ عوام کی جانکاری کیلئے انکی تشہیر کی جائے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام اسپتالوں کو روزانہ بنیاد میں صورتحال کی رپورٹ محکمہ صحت تک پہنچانے کی ہدایت دی جاتی ہے۔
اسپتالوں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
