عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت دہشت گردی اور بدعنوانی کے خلاف صفر رواداری کے لیے پرعزم ہے، بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں و کشمیر اور لداخ انچارج ترون چْگ نے کہا کہ مودی حکومت نے وادی کشمیر میں دہشت گردی کے پورے ماڈیول اور اس کے حمایتی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔جموں میں پارٹی کے کور گروپ کی میٹنگ کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ترون چگ نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) پر پابندی عائد کرنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے پورے ڈھانچے اور اس کی زمینی حمایت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے خاندانی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ اپنی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں 30 سال سے زیادہ طویل انتشار کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین خاندانی جماعتوں کا بیانیہ اب نہیں چلے گا۔ نہرو گاندھی، عبداللہ اور مفتیوں نے جموں و کشمیر کو آگ لگا دی اور لاکھوں لوگ کشمیر سے بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ لہٰذا خاندانوں کو اب عوام مسترد کر دیں گے اور بی جے پی کو یقین ہے کہ جموں کے ساتھ کنول اس بار بھی وادی کشمیر میں کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا 10 سالہ رپورٹ کارڈ کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے اور اس سے بی جے پی کو 400 سیٹیں جیتنے میں مدد ملے گی۔ترون چْگ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر سب کا اعتماد ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق جموں و کشمیر میں ستمبر میں انتخابات ہوں گے۔