عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے پیر کو جیل میں بند رکن پارلیمان انجینئررشید کی عوامی اتحاد پارٹی پر بی جے پی کی پراکسی ہونے کا الزام لگایا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ ایسی جماعتوں کے زیر اثر نہ آئیں۔ان کا یہ تبصرہ شوپیان اسمبلی حلقہ سے پی ڈی پی کے اُمیدوار یاور شفیع بانڈے پربلہ پورہ علاقے میں عوامی اتحاد پارٹی کے کارکنوں کے مبینہ حملے میں زخمی ہونے کے ایک دن بعد سامنے آیا ۔ محبوبہ مفتی نے کھنہ بل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہمارا امیدوار اپنے حلقے میں جا رہا تھا، اے آئی پی سے وابستہ کچھ کارکنوں نے ان پر حملہ کیا، یہاں تک کہ ہمارے امیدوار یاور بانڈے کو مارا پیٹا گیا اور وہ اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کی پسلیاں ٹوٹ گئی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’ میں جاننا چاہتی ہوں کہ انجینئررشید جیل میں ہے تو عوامی اتحاد پارٹی وسائل اور امیدواروں کو کیسے منظم کر رہی ہے جب ان کا سربراہ خودسلاخوں کے پیچھے ہے‘۔انہوں نے مزید کہاکہ ’پی ڈی پی کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید کو پارٹی بنانے میں50 سال لگے، ہمارے پاس اب بھی ہر جگہ اُمیدوار کھڑے کرنے کے وسائل نہیں ہیں۔
ان (انجینئررشید)کی تنظیم کے پیچھے کون ہے کیونکہ ان کے امیدوار ہر جگہ کھڑے ہیں، فنڈنگ کہاں سے آ رہی ہے؟‘۔پی ڈی پی صدرنے کہاکہ اے آئی پی کارکنوں میں غنڈہ گردی میں ملوث ہونے کی اتنی ہمت کہاں سے ہو رہی ہے؟ ۔سابق وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ حکومت نئی پراکسی پارٹیاں لے کر آئی ہے جیسے عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی)۔انہوںنے کہا’’ میں حکومت سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا آپ نے دوبارہ کوئی پراکسی پارٹی بنائی ہے، جب آپ کی باقی تمام پراکسی پارٹیاں ناکام ہو چکی ہیں‘‘۔محبوبہ مفتی نے کہا’’ آپ نے انجینئر رشید کی پارٹی کو سامنے لایا ہے اور آپ فنڈز اور ہر چیز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ہمیں واضح طور پر بتا دیں کہ دوسری جماعتوں کو الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔پی ڈی پی صدر نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کو ہر جگہ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوںنے سوالیہ انداز میں کہاکہ اگر پی ڈی پی کارکنان ایسا کام کرتے تو پوری پی ڈی پی جیل میں ہوتی۔محبوبہ مفتی نے سوال کیاکہ اے آئی پی کے کارکنوں کو ہمارے کارکنوں پر حملہ کرنے کی ہمت کیسے ہوئی؟ ان کے خلاف اب تک کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ وہ ابھی تک جیل میں کیوں نہیں ہیں؟ ۔انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کوخبردار کیا کہ کسی پراکسی پارٹی کے زیر اثر نہ آئیں۔ان کے پیچھے ایک بہت بڑی طاقت ہے جو کشمیر میں ووٹ کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔پی ڈی پی صدرنے کہاکہ پی ڈی پی خاص طور پر ان کے نشانے پر ہے، وہ جانتے ہیں کہ پی ڈی پی واحد پارٹی ہے جو کشمیر کے لوگوں کیلئے کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ تمام پارٹیاں آزاد امیدواروں کے بھیس میں اے آئی پی کے بھیس میں یقیناً کہیں سے فنڈنگ حاصل کر رہی ہیں۔ محبوبہ مفتی نے سوال کیاکہ انہیں اتنے وسائل کہاں سے مل رہے ہیں؟ لوگوں کو اس بارے میں سوچنا ہوگا۔انہوں نے الزام لگایا کہ جب دیگر پراکسی پارٹیاں پارلیمانی انتخابات میں ناکام ہوئیں تو حکومت نئی پراکسی پارٹیاں لے کر آئی۔انہوں نے پی ڈی پی کو توڑ کر کئی پراکسی پارٹیاں بنائیں لیکن جب ان کی دوسری پراکسی پارٹیاں پارلیمانی انتخابات میں ناکام ہوئیں تو اب وہ انجینئر رشید کی پارٹی لے کرآئے ۔ لہٰذا، میں کشمیر کے لوگوں کو خبردار کرتی ہوں کہ پی ڈی پی، این سی اور کانگریس کے علاوہ باقی تمام جماعتوں کو کسی نہ کسی طاقت کی حمایت حاصل ہے۔
بیان گمراہ کن اور حقیقت سے بعید
اے آئی پی ترجمان کا اظہار برہمی
اشرف چراغ
کپوارہ//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے عوامی اتحاد پارٹی پر الزامات پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے اے آئی پی ترجمان اور حلقہ انتخاب کپوارہ کے امید وار فردوس بابا نے کہا کہ محبوبہ مفتی کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور وہ عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محبوبہ مفتی اپنا ماضی یاد کریں جب انہو ں نے 2014میں جمو ں و کشمیر کے لوگو ں کی خواہشات اور امنگو ں کے خلاف بی جے پی کے ساتھ زعفرانی ایجنڈے کو پھلنے پھولنے میں مدد کی جس کا اختتام دفعہ 370کی منسوخی پر ہوا ۔اے آئی پی نے کہا کہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کا عروج انتخابات میں بائیکاٹ کی وجہ سے ممکن ہوا اور وہ سیاست اور جمو ں و کشمیر کے جمہوری میدان میں دیانتداری اور مصیبت زدہ عوام کے عروج سے مایوس ہیں ۔فردوس بابا نے کہا کہ محبوبہ مفتی سمیت پی ڈی پی کی قیادت بی جے پی قیادت کو سر پرست اور بھائیو ں کے طور پر بیان کرتی تھی اور اب ان کے پاس اے آئی پی کو الزامات عائد کرنا شرمناک عمل ہے ۔انہو ں نے کہا کہ انجینئر رشید کی جیل کے اندر اور باہر قربانیا ں اے آئی پی کے مصائب اور ایمانداری کی گواہی دیتی ہیںاور نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی جمو ں و کشمیر میں بائیکاٹ کی سیاست کے حامی ہیں اور ہر سطح پر خاندان کی پیروی کرنے والے اے آئی پی جیسی طاقت کے داخلے سے بے چین ہیں جس کو عوام کی بھاری حمایت حاصل ہے اور عوام کی امیدو ں پر مبنی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کوکسی پرکیچڑ اچھالنے کے بجائے اپنے گریباں میں جھانکنا چاہئے ۔