اسمبلی انتخابات کی تیاریاں ۔ 3سال سے تعینات ملازمین کی فہرست مرتب کرنے کی تیاری

 بلال فرقانی

سرینگر// جموں کشمیر جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ایک روز قبل جاری اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی عمل میں شرکت کرنے والے سرکاری افسران کی ایک ہی جگہ پر 3سال سے زیادہ مدت تک تعیناتی سے متعلق فہرست طلب کر لی ہے۔سبھی انتظامی سیکریٹریوں اور محکموں کے سربراہان کے نام الیکشن کمیشن کی چھٹی کے مندرجات کو تحریری طور پر بھیج دیا گیا ہے جس میںان سے کہا گیا ہے کہ وہ ان سبھی افسران کی فہرست مرتب کرے، جو کسی بھی ضلع میں 3سال سے زیادہ کے عرصے سے تعینات رہے ہوں، اور جن کے بارے میں احتمال ہے کہ وہ انتخابی عمل پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

 

انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایسے افسران کے بارے میں بھی مطلع کرے جو اپنے ضلع میں تعینات ہیں۔ مکتوب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سبھی محکموں میں کام کرنے والے ایسے ملازمین پر مبنی رپورٹ فوری طور پر ارسال کریں تاکہ اسے مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھیج دیا جائے۔ تمام انتظامی سیکرٹریوں ، کو فراہم کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس حکم میں انتخابی عمل میں شامل افسران کی منتقلی اور تعیناتی کے طریقہ کار کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔انتظامی سیکرٹریوںسے کہا گیا ہے کہ وہ عمومی انتظامی محکمہ کی ضروریات کے مطابق تفصیلات جمع کریں اور انہیں انتخابات کمیشن آف انڈیا کو فوری طور پر پیش کریں۔یہ اقدام انتظامی کارروائیوں کو ہموار کرنے اور انتخابات کے انتظام میں شفافیت اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ31 جولائی 2024 کو جاری کردہ ایک خط میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مرکزی زیر انتظام خطہ جموں کشمیر کے علاوہ ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات کے لیے افسران کی منتقلی سے متعلق نئی ہدایات جاری کیں، جس میں کمیشن نے فیصلہ کیا کہ انتخابات کے عمل میں براہ راست شامل افسران کو ان کے آبائی مقامات کے اضلاع یا ایسے اضلاع میں تعینات نہیں کیا جائے گا جہاں وہ پچھلے تین سال سے کام کر رہے ہوں۔یہ ہدایات تمام ضلعی افسران، پولیس افسران، اور دیگر متعلقہ اہلکاروں پر لاگو ہوں گی، جنہیں ان کے موجودہ اضلاع سے باہر منتقل کیا جائے گا۔تمام افسران کو انتخابات کے دوران غیر جانبداری اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور ان پر عمل درآمد کی رپورٹ 20 اگست 2024 تک چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی کے ذریعے کمیشن کو ارسال کی جائے گی۔