اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ۔43کے کاغذات مسترد، 266میدان میں

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں//جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا(ای سی آئی) کے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق، جمعہ کودوسرے مرحلے میں پولنگ ہونے والی 26 اسمبلی حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔ 309 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کے مطابق 266 امیدواروں کے کاغذات درست پائے گئے۔چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ایک بیان میں آج منعقد ہونے والی جانچ کے عمل کی تفصیل دی گئی ہے۔ضلع سری نگر میں 99 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے، اس کے بعد ضلع بڈگام میں 55، ضلع راجوری میں 39، پونچھ ضلع میں 30، ضلع ریاسی میں 22 جبکہ ضلع گاندربل میں 21 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے۔ریاسی ضلع میں، گلاب گڑھ (ایس ٹی) میں 6 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے۔ ریاسی میں 9 امیدوارجبکہ شری ماتا ویشنو دیو ی میں 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قبول کیے گئے ہیں۔راجوری ضلع میں، کالاکوٹ – سندربنی میں 11 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے۔ نوشہرہ میں 5 امیدوار،راجوری (ST)میں 12 امیدوار،بدھل( ایس ٹی) میں 5 امیدوار جبکہ تھنہ منڈی (ST) میں 6 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔پونچھ ضلع میں تین حلقوں کے لیے، کل 10 کاغذات نامزدگی درست پائے گئے اور سرنکوٹ (ST) میں قبول کیے گئے۔پونچھ حویلی میں 9، جبکہ مینڈھر(ایس ٹی) میں 11 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قبول کیے گئے ہیں۔اسی طرح گاندربل ضلع میںکنگن( (STمیں 6امیدواروں کے کاغذات نامزدگی اور گاندربل میں 15 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قبول کئے گئے۔ضلع سرینگر میں 8 حلقوںکے لیے حضرت بل میں 13 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قبول کیے گئے۔خانیار میں 10 امیدوار،حبہ کدل میں 17 امیدوار،لال چوک میں 11 امیدوار،چھانہ پورہ میں 9 امیدوار،جڈی بل میں 11 امیدوار،عیدگاہ میں 15 امیدوار جبکہ 26 سنٹرل شالٹینگ میں 13 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔بڈگام ضلع میں، کل 12 کاغذات نامزدگی درست پائے گئے۔ بیروہ میں 14 امیدوار،خان صاحب میں 11 امیدوار،چرار شریف میں 11 امیدوار جبکہ چاڈورہ میں 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔الیکشن نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 9 ستمبر 2024 کو یا اس سے پہلے دوپہر 3 بجے تک متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفتر میں واپس لے سکتے ہیں۔فیز-II میں ان 26 اسمبلی حلقوں کے لیے پولنگ کا دن 25 ستمبر 2024 کو مقرر ہے، اور ووٹنگ صبح 7:00 بجے سے شام 06:00 بجے تک ہوگی۔