عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // پہلے مرحلہ کے اسمبلی انتخابات اور وزیر اعظم نریندر مودی کے دورئہ سرینگر کے پیش نظر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس وردھی کمار بردی نے کہا کہ 18 ستمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔بردی نے کہا کہ انتخابات کے دوران وی آئی پیزکی نقل و حرکت ایک معمول ہے اور 19 ستمبر کو وزیر اعظم کے دورئہ کشمیر کے حوالے سے حفاظتی طریقہ کار مزید سخت کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر پولنگ بوتھوں کیلئے کثیر سطحی سیکورٹی قائم کی گئی ہے اور نیم فوجی و مسلح افواج نے اس جگہ پر ایک ناقابل تسخیر حفاظتی احاطہ بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا’’ مسلح افواج کا علاقوں پر مضبوطی سے غلبہ ہے اور رہے گا ‘‘ ۔فوجیوں کی تعیناتی کے بارے میں آئی جی پی نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات پر مبنی ہوگا۔بردی نے کہا کہ فورسز انتہائی چوکس اور متحرک ہیں اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔