عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سپیکر عبد الرحیم راتھر نے ایوان کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور سنسنی خیزی سے گریز کریں کیوں کہ وہ عوامی نمائندے ہیں۔یہ بیان رُکن اسمبلی وحید الرحمان پرہ کے ایک ٹویٹ کے ردِّعمل میں آیا جس میں اُنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر الزام لگایا کہ قانون، سیاحت، اسٹیٹس، ثقافت اور عمومی انتظامی محکمہ سمیت مختلف محکموںکے گرانٹس کے خلاف کٹ موشنز کو اسمبلی سیکرٹریٹ نے قبول نہیں کیا جسے اُنہوں نے اپنے اور اپوزیشن کے خلاف امتیازی سلوک قرار دیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ وحیدہ الرحمان پرہ نے 17؍مارچ کو رات 11:37بجے اپنے کٹ موشنز جمع کروائے جبکہ اگلی صبح وزیر اعلیٰ کی جانب سے گرانٹس پیش کی جانی تھیں، اِس لئے ان کا منظور ہونا ممکن نہیں تھا۔ سپیکر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ پہلے ہی 105کٹ موشنز کو تسلیم کر چکا تھا جو ظاہر کرتا ہے کہ ان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔سپیکر نے سوال کیا کہ کیا یہ کسی رُکن کے لئے مناسب ہے کہ وہ بغیر کسی منطق اور دلیل کے عوامی سطح پر ایسے بیانات دے جو میڈیا اور عوام کو گمراہ کر سکتے ہیں؟ اُنہوں نے تمام اراکین بالخصوص پرہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایوان کے آداب کی پابندی کریں اور قانون سازی کے معاملات میں ذمہ داری کا ثبوت دیں کیوں کہ ان کے سامنے ایک طویل سیاسی کیریئر ہے۔رُکن قانون ساز وحیدہ الرحمان پرہ نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے تمام کٹ موشنز قواعد کے مطابق ایک ساتھ جمع کئے تھے۔ تاہم، جب انہیں بعض مخصوص کٹ موشنز کے جوابات موصول نہ ہوئے تو انہوں نے انہیں دوبارہ داخل کرنے کی کوشش کی تاکہ متعلقہ محکموں سے جواب حاصل کیا جا سکے۔