سرینگر//کاروان اسلامی کے امیر مولانا غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ ’موجودہ دور میں ہم اپنی اسلامی ثقافت سے دور ہوتے جا رہے ہیں اسلئے ضرورت ہے کہ قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ ہم اپنی کھوئی ہوئی ثقافت کو بھی زندہ رکھیں‘۔مولانا جامعہ قادریہ میں تبرکات کی منتقلی پر ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تبرکات اور قدیم قلمی نسخوں کو محفوظ کرنے کے لئے کاروان اسلامی نے عملی اقدامات شروع کئے ہیں اور اس سلسلے میں استنبول کے انٹرنیشنل میوزیم کے طرز پر جامعہ قادریہ میں زیارت گاہ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آج تک اس عظیم اثاثے کو قائم کرنے کے لئے اپنی خدمات کے ساتھ ساتھ قوم کے نام وقف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش امت مسلمہ کے لئے یکساں ہے۔ امیر کاروان نے لوگوںسے اپیل کی کہ جن کے ہاں با اسناد تبرکات و قدیم قلمی نسخہ جات موجود ہیں ان کو وقف کرکے امت مسلمہ کے لئے ایک میراث قائم کرنے میں پیش قدمی کریں ۔اس موقعہ پرعلماء کرام نے امیر کاروان اسلامی غلام رسول حامی کی اس کوشش کو سراہا۔