یو این آئی
بیروت// لبنان کے مختلف علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے ، جب کہ 151 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اطلاع لبنان کی وزارت صحت نے جمعہ کو دی۔امریکی ایکسیوس نیوز پلیٹ فارم کی خبروں میں، تین اسرائیلی اہلکاروں کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے حملوں کا ہدف 27 ستمبر کو مارے جانے والے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین تھے ۔خبر کے مطابق ان حملے کے نقصانات 27 ستمبر کو ہونے والے حملے سے زیادہ وسیع پیمانے کے تھے ، البتہ اسرائیل نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا ۔دوسری جانب لبنان اور شام کے درمیان المصنا سرحدی چوکی پر بھی اسرائیلی فوج نے حملہ کیا۔حملے میں کسی کے ہلاک ہا زخمی ہونے کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ادھر لبنانی وزارت صحت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے حملوں میں 37 افراد ہلاک اور 151 زخمی ہوئے ۔ادھر امریکہ۔برطانیہ اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مغربی شہر حدیدہ پر 2 فضائی حملے کئے ہیں۔حوثیوں کے ٹیلی ویژن چینل المسیرہ کے مطابق امریکہ۔برطانیہ اتحاد کے طیاروں نے حدیدہ کے مغربی علاقے جبانہ پر 2 فضائی حملے کئے ہیں۔خبر میں بمباری کے نتیجے ہونے والے نقصان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔تاہم امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے حملے کے بارے میں تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ حوثیوں کے زیرِ کنٹرول ساحلی شہر حدیدہ میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈّہ اور 3 بندرگاہیں واقع ہیں جس وجہ سے یہ یمن کے اہم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے ۔ حدیدہ کے مغربی علاقے جبانہ میں حوثیوں کے فضائی دفاعی کیمپوں میں سے ایک واقع ہے ۔