عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیروت //اسرائیل نے غزہ کے بعد لبنان میں ایک نیا محاذ جنگ کھول دیا ہے اور پیر کو اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے اسلحے کے ذخائر کو نشناہ بنانے کے لیے جنوبی شہریآبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 182 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے لبنان میں شہریوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں سے دور رہنے کی ہدایات دی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصف گھنٹے میں لبنانی شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے ہیں، صہیونی فوج نے جنوبی لبنان کی بیکا وادی پر شدید حملے کیے جبکہ ثور اور نباتیہ کے علاقوں میں بھی زور دار دھماکے کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کے شمال سے بے دخل کیے گئے شہریوں کو واپسی لانے کے لیے ہمیں جو بھی کرنا پڑا وہ کریں گے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے آج ہونے والا حملہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا جس میں اسرائیل نے لبنان کے شمالی اور جنوبی حصے پر ایک وقت میں حملہ کیا جب کہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے میزائل لانچرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ دوسری جانب جنگ کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر چین نے اسرائیل اور لبنان میں رہنے والے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر دونوں ممالک چھوڑ کر باہر نکلیں۔ ادھررواں سال کے پہلے 7 مہینوں کے دوران 40 ہزار اسرائیلی ملک ترک کر چکے ہیں۔ٹیلی ویژن چینل 13 کی اسرائیل کے مرکزی محکمہ شماریات کے حوالے سے نشر کردہ خبر کے مطابق 2024 کے پہلے 7 مہینوں میں اسرائیلیوں کی بیرونی ممالک کی طرف نقل مکانی میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ شماریات نے اس نقل مکانی کو ‘منفی ہجرت’ قرار دیا اور کہا ہے کہ جنوری2024 سے جولائی 2024 کے دوران 40 ہزار سے زائد اسرائیلیوں نے ملک ترک کر دیا ہے ۔خبر کے مطابق 2023 میں تقریباً 55 ہزار 300 اسرائیلی بیرونی ممالک کی طرف نقل مکانی کر گئے اور اسی سال میں 27 ہزار افراد اسرائیل منتقل ہو گئے ہیں ۔2022 میں تقریباً 38 ہزار اسرائیلی بیرونی ممالک کی طرف نقل مکانی کر گئے اور 23 ہزار اسرائیل منتقل ہو گئے ۔2021 میں ملک سے نکلنے والوں کی تعداد 31 ہزارا ور ملک میں آنے والوں کی تعداد 29 ہزار تھی۔
چین کی شہریوں سے اپیل | اسرائیل کو ترک کر دیں
یو این آئی
بیجنگ//چین نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جان کی سلامتی کی خاطر جس قدر جلد ہو سکے اسرائیل کو ترک کر دیں۔چین کے تل ابیب سفارت خانے نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ “اسرائیل۔لبنان سرحد پر فوجی جھڑپوں میں شدّت پیدا ہو گئی ہے جس وجہ سے سکیورٹی صورتحال نہایت موہوم، پیچیدہ اور غیر یقینی ہو گئی ہے “۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہم چینی شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ یا تو جلد ازجلد اپنے وطن واپس لوٹ جائیں یا پھر قیام کے لئے زیادہ محفوظ علاقوں کا انتخاب کریں”۔واضح رہے کہ 20 ستمبر کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد سے علاقائی تناو میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اسرائیل۔لبنان سرحد پر 8 اکتوبر سے تاحال فریقین کے درمیان جاری جھڑپوں میں وقتاً فوقتاً شدت دیکھنے میں آ رہی ہے ۔