غزہ/یواین آئی/ اسرائیل نے غزہ میں حماس کے 5 اہم کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حماس کے پانچ سینئر کمانڈروں کو ایک جوابی حملے میں ہلاک کردیا ہے، تنظیم نے فوجیوں پر اپنے ایک کارندے کو بھیجا تھا۔اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ حماس نے آج پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور اپنے ایک رکن کو اسرائیلی فوجیوں پر حملے کے لیے بھیجا، جس کے جواب میں اسرائیل نے اس کے اہم رہنماؤں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ سیز فائر کی مکمل پابندی کر رہی ہے، جب کہ حماس نے اس کی خلاف ورزی کی، بیان میں کہا گیا کہ ثالثوں کو ایک بار پھر زور دینا چاہیے کہ حماس سیز فائر اور امریکی صدر ٹرمپ کی 20 نکاتی منصوبہ بندی پر عمل کرے۔واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ شہر کے مغرب میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا تھا، جس میں 4 فلسطینی جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے، فلسطینی تنظیم نے تصدیق کی کہ اس حملے میں اس کا سپلائی اور اسلحہ یونٹ کا کمانڈر علاء الحدیدی مارا گیا۔دوسری طرف حماس نے امریکہ کو اسرائیلی خلاف ورزیوں پر اپنی شکایت پہنچائی ہے اور واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات معاہدے کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی سنگین اور بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں ثالثوں اور امریکی انتظامیہ کو ذمہ داری کا احساس دلاتی ہیں کہ وہ معاہدے کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو روکیں۔