عظمیٰ نیو زڈیسک
رفح// رفح پر فوج کشی اورمصر کے ساتھ سرحدی گزر گاہ رفح کراسنگ کا کنٹرول سنبھالنے کے ڈیڑھ ماہ بعد اسرائیلی فوجوں نے پورے شہر پر قبضہ کرنے کیلئے سنیچر کو فیصلہ کن کارروائی شروع کردی۔ اس کے تحت شہر بھر میں بیک وقت8 محاذوں پر حملے کئے جارہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ قبضہ کرتے ہوئے فوج شہر میں داخل ہوجائے۔ اس دوران الشاطی اور التفاح کیمپوں پر بمباری میں24 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے جبکہ اپنے ایکس پوسٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوجوں نے 24گھنٹوں میں قتل عام کے 3 شدید حملے کئے ہیں جن میں 101 افراد جاں بحق اورسینکڑوںزخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوجیں یکے بعد دیگرے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ رفح کراسنگ اور صلاح الدین کوریڈور، تال زروب تک پہنچنے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوجیں پاسپورٹ رائونڈ ابائوٹ، بینک آف فلسطین، صلاح الدین گیٹ اور ذو النورین مسجد کے آس پاس بھی حملے کررہی ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے یبنا اور عزوز محور اور انجینئرز سنڈیکیٹ کے اطراف سے بھی شہر میں گھسنے کی کوشش کی ہے۔ علاقہ میں موجود شہریوں نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے انتہائی جنوب میں واقع پورے شہر پر اپنا قبضہ مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔