عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
تل ابیب//نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام مبارکباد کے لیے ریکارڈ کردہ ویڈیو بیان میں کہا ہے ‘ ہمارے اتحاد کے اب بہترین دن آنے والے ہیں۔’انہوں نے ٹرمپ کے پہلے دور صدارت کے دوران کی اسرائیل نواز پالیسیوں اور اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ‘اب بھی میرا پورا یقین ہے کہ ہم دوبارہ مل کر کام کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کے اس اتحاد کو مزید بلندیوں پر لے جائیں گے ۔’اسرائیلی وزیر اعظم نے اس موقع پر ایران کے اتحادی عسکریت پسند گروپوں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور لبنان کی حزب اللہ کے حوالے سے کہا’ یقین ہے کہ ہم ایران کے دہشت گردی کے محور کو شکست دیتے ہوئے اپنے اس خطے میں امن اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کریں گے ۔’ویڈیو پیغام میں اسرائیلی وزیر اعظم نے حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کرانے اور اسرائیلی قیدیوں کی غزہ سے محفوظ رہائی ممکن بنانے میں مدد کرنے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی یاہو نے یہ بھی کہا ‘ حماس کی جنگی صلاحیتوں کو تباہ کرنے ، غزہ میں اس کی سیاسی حکمرانی کے خاتمے کے لیے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ غزہ دوبارہ کبھی اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں بن سکے گا آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہوں گا۔’واضح رہے صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دور صدارت میں مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کی مستقل عمل داری کی تجویز کی کوشش کی تھی۔ جبکہ یروشلم کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کر لیا تھا۔ اب ٹرمپ کی خواہش ہے کہ کئی دوسرے ملکوں کی طرح سعودی عرب بھی اسرائیل کو تسلیم کر لے ۔ تاہم مملکت نے فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسے تسلیم کرنے سے انکار کر رکھا ہے ۔