یو این آئی
تہران//ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں آپریشن ‘وعدہ صادق سوم’ بھرپور طریقے سے جاری ہے اور تہران نے تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائلوں کی برسات کا اٹھارہواں مرحلہ مکمل کرلیا۔خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کی جانب سے نئی کارروائیوں میں صہیونی فوجی مراکز، دو فضائی اڈے ، دفاعی صنعتیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مرکزی اسرائیل کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے، یہ حملہ اٹھارھویں لہر کے طور پر جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو کیا گیا تھا۔اسرائیل کے بندرگاہی شہر حیفہ کے ایک ہسپتال نے بتایا ہے کہ تازہ ایرانی حملے کے بعد 19 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں میں اب تک کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اسرائیل کے نیشنل پبلک ڈپلومیسی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، اب تک ملک پر 450 سے زائد میزائل فائر کیے جا چکے ہیں۔