یو این آئی
غزہ// اسرائیلی فوج کے غزہ میں مظالم جاری ہیں، صہیونی فوج کے حملوں میں مزید 40 فلسطینی ہلاک ہو گئے ۔ غزہ میں محکمہ صحت نے رپورٹ کیا کہ مغربی کنارے میں بھی صہیونی فوج نے
کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں عقابا کے علاقے میں 4 فلسطینی ہلاک جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔7 اکتوبر 2023 کے بعد سے فلسطینی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار 623 سے تجاوز کر گئی جبکہ 91 ہزار 469 زخمی افراد زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی کئی روز سے رکھی 89 لاشیں حوالے کردیں، فلسطینی حکام کی جانب سے لاشوں کی اجتماعی تدفین کردی گئی۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق تقریباً 90 نامعلوم فلسطینیوں کی لاشیں اسرائیلی فورسز کے پاس کئی مہینوں سے رکھی تھیں، انہیں حوالے کر دیا گیا، غزہ واپس لا کر ان کی اجتماعی قبر میں دفن کر دیا گیا ہے ۔سول ڈیفنس ایجنسی کے ڈائریکٹر یمن ابو سلیمان نے بتایا کہ ہمیں 15 بیگوں میں 80 افراد کی لاشیں ملی ہیں جہاں ہر بیگ میں چار سے زائد لاشیں موجود تھیں اور ہر لاش کفن میں لپٹی ہوئی تھی۔ابو سلیمان نے کہا کہ اسرائیلی حکام نے ان لاشوں کی شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، ہمیں نہیں معلوم کہ یہ غزہ میںہلاک ہونے والوں کی لاشیں ہیں یا یہ لوگ اسرائیلی جیلوں میں قید تھے ۔ان لاشوں کو بعد میں ترک قبرستان میں ایک اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا۔ترک قبرستان کے نگران تابش ابو عطا نے کہا کہ آج مجھ سے ان افراد کو اجتماعی قبرستان میں دفن کرنے کی وجہ پوچھیں گے ، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں ہر فرد کو علیحدہ علیحدہ قبر میں دفن نہیں کر سکتا تھا۔