یو این آئی
غزہ//فلسطین میں اسرائیل کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی افواج نے غزہ میں بمباری کی جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 فلسطینی ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں دیرالبلاح، بیت لاہیہ، نصیرت مہاجرین کیمپ، خان یونس پر بمباری کی جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 افرادہلاک ہوگئے۔7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 43 ہزار 665 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہیں۔غزہ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 103076 تک پہنچ گئی ہے۔ادھر اسرائیلی فوج لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقوں کوتواتر سے نشانہ بنا رہی ہے ۔تحصیل شوف میں فضائی حملوں میں اموات کی تعداد 25 ہو گئی۔اسرائیلی قوتوں نے جنوبی بیروت کے دحیہ علاقے پر بھی 9 فضائی حملے کئے ۔لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں جانی نقصان 3,365 تک ہو گیا ہے ۔دوسری جانب حزب اللہ بھی ان حملوں کا جواب دے رہی ہے ۔حزب اللہ نے تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر کے واقع ہونے والے کیریہ فوجی اڈے کو ڈروانز سے نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اس کے 6 فوجی مارے گئے ہیں۔لبنانی عوام اسرائیلی حملوں کی وجہ سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ لبنان میں 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔حملوں کی وجہ سے بیروت میں اسپورٹس کمپلیکس کو بے گھر لوگوں کی پناہ گاہ بنایا جائیگا۔ادھر اسرائیل نے گزشتہ ایک ہفتے میں حزب اللہ کے 200 جنگجو مارنے کا دعویٰ کر دیا ہے ۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ ہفتے لبنان میں حزب اللہ کے دو سو جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اسرائیلی فوج نے گزشتہ ہفتے کے دوران جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے 140 سے زائد راکٹ لانچروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے ۔گزشتہ روز حزب اللہ نے تل ابیب پر حملے کیے تھے جس کے بعد اسرائیل فورسز نے بیروت کے جنوبی مضافات میں شدید فضائی بمباری کی، جس کے نتیجے میں بہت سے گھروں اور کاروباروں کو شدید نقصان پہنچا۔