یواین آئی
غزہ//اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری سے مزید 30 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کیمطابق اسرائیل نے جبالیہ، شاطئی، دیر البلح اور شجائیہ میں نہتے فلسطینیوں پر بمباری کی جس میں مزید 30 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہوگئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں ہونے والی جھڑپوں میں 4 اسرائیلی فوجی مارے گئے جب کہ 5 روز میں 70 فلسطینی بچے ہلاک کردیے گئے۔یونیسیف کا کہنا ہے غزہ کے تقریباً تمام 11 لاکھ بچے خطرناک ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ادھر امریکہ، مصر اور قطر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں جب کہ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کا اعلیٰ سطح کا وفد دوحہ پہنچ گیا ہے اور حماس اسرائیل مذاکرات 90 فیصد مکمل ہوگئے ہیں۔
اسرائیل حماس جنگ بندی مذاکرات تاحال بے نتیجہ | 20جنوری تک معاہدہ نہ ہوا،توغزہ میں مزیدخون ریزی ہوگی:ٹرمپ
یواین آئی
دوحہ// قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ بندی مذاکرات تاحال بے نتیجہ ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنمائوں کے درمیان دوحہ میں جاری غزہ جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی معاہدے کے مذاکرات پر تبادلہ خیال ہوا۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر بائیڈن کو مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا، وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے اس عمل کو تیز کرنے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی اور جنگ بندی کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے پر زور دیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق مذاکرات جاری ہیں، اور اس سلسلے میں آئندہ دنوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور حماس جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے ’’بہت قریب‘‘ ہیں۔دریں اثنا، امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آنے والی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے دھمکی دی ہے کہ اگر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد 20 جنوری تک معاہدہ نہ ہوا، تو غزہ میں مزید خوں ریزی ہوگی، امریک9ہ کے نو منتخب نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ نہیں ہوتا تو ٹرمپ ’اسرائیلیوں کو حماس اور اس کی قیادت کی آخری باقیات کو ختم کرنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔‘ادھر حماس نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کے مسودے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے، جس کی اسرائیل سے منظوری باقی ہے، فلسطینی مزاحمتی گروپ جہاد طہٰ کے ترجمان نے لندن میں قائم پین عرب نیوز آؤٹ لیٹ العربی الجدید ٹی وی کو بتایا کہ ثالثوں نے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی شرائط کے خاکے کے مسودے کو حتمی شکل دی ہے۔
بائیڈن اور نیتن یاہو کاپیش رفت پر تبادلہ خیال
یواین آئی
واشنگٹن// امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ غزہ پٹی میں ممکنہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے حوالے سے دوحہ میں جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ وائٹ ہاؤس نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ’’دوحہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے جاری مذاکرات پر بات چیت کی، انہوں نے (بائیڈن) غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی فوری ضرورت اور انسانی امداد میں اضافے کے ساتھ یرغمالیوں کی واپسی پر زور دیا جو لڑائی میں روک کے باعث ممکن ہوئی۔‘‘بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے متفقہ طور پر حمایت یافتہ 27 مئی 2024 کے انتظامات پر مبنی مذاکرات کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے اسرائیل کی سلامتی اور قومی دفاع کے لیے امریکہ کی جانب سے غیر معمولی حمایت پر بائیڈن کا شکریہ ادا کیا۔