یو این آئی
استنبول// ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘‘انادولو’’ کے زیر اہتمام منعقدہ گیارہویں سالانہ استنبول فوٹو ایوارڈز 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ مقابلے میں 29 فوٹوگرافرز کو مختلف زمروں میں اعزازات سے نوازا گیا۔سب سے معتبر ‘‘فوٹو آف دی ایئر’’ ایوارڈ فلسطینی فوٹوگرافر سعید جارس نے اپنے دردناک شاہکار ‘‘غزہ – دیر البلح’’ کے لیے حاصل کیا۔ یہ تصویر ایک المناک لمحے کو قید کرتی ہے، جب اسرائیلی فضائی حملے میں متاثرہ والدین اپنے بچے کو گلے لگائے ہوئے ہیں۔ یہ اندوہناک واقعہ وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں پیش آیا۔اس سال کے فاتحین کا انتخاب ایک بین الاقوامی جیوری نے کیا، جس میں معروف فوٹوگرافر اور نیشنل جیوگرافک کے فلم ساز ایمی وٹالے، نامور فوٹو جرنلسٹ کیرول گوزی، نور ایجنسی کے فوٹو جرنلسٹ یوری کوزیریو، دی گلوب اینڈ میل کے فوٹوگرافر گوران توماسیوچ، بصری میڈیا کے مشیر مائیکل اسکاٹو، گیٹی امیجز کے چیف اسپورٹس فوٹوگرافر کیمرون اسپینسر اور ترک فوٹو جرنلسٹ احمد سیل اور فرات یورداکل شامل تھے۔‘‘اسٹوری نیوز’’ کیٹیگری میں اے ایف پی (AFP) کے فوٹوگرافر عمر القطا نے اسرائیلی حملوں کے دوران غزہ کی پٹی میں تباہی کی عکاسی کرنے والی اپنی تصویری سیریز کے ساتھ پہلا انعام حاصل کیا۔‘‘سنگل اسپورٹس’’ کیٹیگری میں اے ایف پی کے جیروم بروئلے نے برازیل کے سرفر گیبریل میدینا کی پیرس 2024 اولمپکس کے دوران ایک عظیم الشان لہر پر ردعمل ظاہر کرنے والی تصویر کے ذریعے میدان مار لیا۔‘‘اسٹوری اسپورٹس’’ کیٹیگری میں رائٹرز کی ہننا مک کی نے امریکی جمناسٹ سیمون بائلز پر مبنی اپنی سیریز کے ساتھ پہلا انعام حاصل کیا، جس میں انہوں نے پیرس 2024 اولمپکس میں تین انفرادی گولڈ میڈلز جیتنے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کے یادگار لمحات کو محفوظ کیا۔