حیدرپورہ سرینگر// حریت (گ) سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے استحصالی سیاستدانوں نے اقتدار کی خاطر ریاستی عوام کی مبنی برحق تحریک کے ہر تاریخی موڑ پر قوم کو دھوکہ دینے میں کبھی شرم محسوس نہیں کی ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ ایسے افرادتاریخ کشمیر کا از سر نو مطالعہ کریں اور اپنے پیش رو حکمرانوں کو بھارت کی سیاسی چوکھٹ پر ذلت آمیز دھتکار سے عبرت حاصل کریں، جنہیں وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا کروزیر اعلیٰ کی کرسی کیلئے بھیک مانگنے پر مجبور کیا گیا۔ حریت رہنما نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قبیل کے سیاستدانوں کی آنکھیں بھی مکروفریب کی سیاست کاری سے بھر نہیں آئی ہیں۔ حریت رہنما نے واضح کیا کہ قوم نے پچھلے 70برسوں سے بیش بہا قربانیاں ریاست کی بندربانٹ کرنے کے بجائے رائے شماری جیسے جمہوری اور سیاسی فارمولے کے ذریعے اپنے مستقبل کا از خود فیصلہ کرنے کے لئے دی ہیں۔ حریت رہنما نے کہا کہ ریاستی عوام نے قربانیاں اقتدار کے لئے نہیں، بلکہ حقِ خودارادیت واگزار کرنے کے لئے دی ہیں جوکہ ان کا پیدائشی حق ہے۔