سرینگر/نیشنل کانفرنس نے جمعرات کو سرینگر میں اونتی پورہ کے استاد کی حراستی موت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پارٹی کے سینئر لیڈران علی محمد ساگر،ناصر سوگامی اور مبارک گل احتجاجی مارچ میں شامل تھے جو پارٹی کے صدر دفتر نوائے صبح سے شروع ہوا۔
مظاہرین بھارتیہ جنتا پارٹی کیخلاف نعرے بلند کرتے ہوئے رضوان پنڈت کی موت کے ذمہ داروں کو سخت سزا کا مطالبہ کررہے تھے۔
ناصر سوگامی نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ رضوان کی موت کے ذمہ داروں کی نشاندہی عمل میں لاکر اُن کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔
اس دوران پولیس نے مظاہرین کو ٹی آر سی کے قریب روکا اور لالچوک کی طرف بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔
رضوان کی منگل کے روز پولیس حراست کے دوران موت واقع ہوئی ۔
اس سے قبل رضوان کو اونتی پورہ میں اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
حکومت نے استاد رضوان کی حراستی موت کی تحقیقات کیلئے مجسٹیریل انکوائری کا حکم دے رکھا ہے