سرینگر/ایک میڈیا رپورٹ میں جمعرات کو کہا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر میں اونتی پورہ کا استاد رضوان پنڈت پولیس حراست کے دوران متعدد زخموں کی وجہ سے مرگیا ہوگا۔
لاش کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انڈین ایکسپریس نے لکھا ہے کہ رضوان کے جسم پر زخموں کے متعدد نشان تھے اور اُن کی موت کا سبب خون کا حد سے زیادہ نکلنا ہوسکتا ہے ۔
رپورٹ میں تاہم اس بات کی وضاحت کی گئی ہے رضوان کے اندرونی اعضاء کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
رپورٹ میں ایک واقف آفیشل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ رضوان کے جسم پر ہر جگہ کاٹنے کے نشان تھے۔اُس کی بائیں بازو اور آنکھ پر اندرسے خون بھی جم گیا تھا جس کی وجہ سے دونوں جگہ پر کافی ورم تھا۔
رپورٹ میں مذکورہ آفیشل کے حوالے سے رضوان کے مرنے کی وجہ حرکت قلب بند ہونے کو مسترد کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رضوان کی ٹانگوں پر رولر چلایا گیا ہوگا جس کی وجہ سے اس کی رگوں اور نسوں کو کافی نقصان پہنچ گیا تھا۔
یاد رہے کہ حکومت نے استاد رضوان کی حراستی موت کی تحقیقات کیلئے مجسٹیریل انکوائری کا حکم دے رکھا ہے۔