عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کے ارینہ اور سوچیت گڑھ سیکٹروں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی رینجروں نے جمعرات کی شام بھاری فائرنگ اور گولہ باری کی۔جمعرات کوشام دیر گئے ہندوپاک افواج کے درمیان بین الااقوامی سرحدکے ارنیا اور سچیت گڑھ سیکٹر میںشدیدگولہ باری کا تبادلہ ہوا۔طرفین کے درمیا ن شدیدگولہ باری کی وجہ سے سرحدکے دونوں اطراف عام شہری اپنے گھروںکو چھوڑ کر محفوظ علاقوں میں منتقل ہوگئے ہیں ۔
بی ایس ایف کے بیان میں کہا گیاکہ جمعرات کو رات کے تقریباً 8 بجے پاکستانی رینجرز نے ارنیا علاقے میں بی ایس ایف کی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی جس کا بی ایس ایف کے دستوں نے بھرپور جواب دیا ہے۔بیان کے مطابق ارنیا سیکٹر میں فائرنگ سے نصف درجن آگے دیہات کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد پاکستانی فوجیوں نے فائرنگ کا دائرہ سچیت گڑھ سیکٹر کے 3 دیہات تک پھیلا دیا۔بی ایس ایف کے مطابق پاکستانی رینجرز کی جانب سے شہری علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے چند مارٹر گولے بھی فائر کئے گئے۔پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو رات11 بجے تک شدید فائرنگ جاری رہی۔ جس کے بعد وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔بیان کے مطابق ارنیا سیکٹر میں فائرنگ سے بی ایس ایف کے2جوان زخمی ہو گئے۔ ان کی شناخت30سالہ بسوراج ایس آر ساکنہ کرناٹک اور شیر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔زخمی خاتون کی شناخت38سالہ رجنی بالا زوجہ بلبیر سنگھ ساکن وارڈ 5 ارنیا کے طور پر ہوئی ہے۔زخمیوں کو نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اسپتال جموں میں داخل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت مستحکم بتائی۔