عظمیٰ نیوز سروس
آر ایس پورہ//ارنیا علاقے کے کول کلاں گاؤں میں بدھ کی دوپہر کو بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آئی آگ کی وار دات میں گجر برادری کی دو جھونپڑیاںپوری طرح سے خاکستر ہو گئیں ۔اس دوران فائر کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ پر قابو پالیا تاہم، تب تک گھر اندر موجود تمام سامان سمیت راکھ ہو چکے تھے۔ذرائع کے مطابق بدھ کے روز دوپہر ایک بجے کے قریب فاروق حسین اور رشید حسین جو کہ جور حسین کے بیٹے تھے، کی جھونپڑیوں میں آگ نمودار ہو گئی ۔مقامی لوگوں کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی فوری کوششوں کے باوجود گرمی کی شدت اور تیز ہواؤں نے صورتحال کو مزید گھمبیر کردیا۔گھروں کے اندر پھنسے خاندان کے افراد بڑی مشکل سے بچ نکلے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر فائر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی جس کے نتیجے میں انہوں نے فوری مداخلت کرکے آگ پر قابو پالیا۔فاروق حسین نے بتایا کہ آگ لگنے سے ان کا تمام سامان مکمل طور پر جل گیا۔گوردیپ سنگھ سینی، سابق سرپنچ نے حکومت اور مقامی انتظامیہ سے متاثرہ خاندانوں کو مناسب مدد فراہم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آگ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو حکومت کی طرف سے بروقت مدد ملنی چاہیے، کیونکہ ان میں سے بہت سے لوگوں کے پاس پناہ گاہ اور مناسب خوراک کی فراہمی نہیں ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ہونے والے نقصانات کا فوری تخمینہ لگانے پر زور دیا اور حکام پر زور دیا کہ وہ مناسب معاوضہ فراہم کریں۔