جموں//پولیس اسٹیشن ارنیا کے تحت آنے والے ایک علاقے میں جمعہ کی صبح فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو نوجوان ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے سنسنی خیز کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دو پولیس اہلکار (ایک پولیس اہلکار معطل ہے اور دوسرا آئی آر بٹالین میں سے ایک میں تعینات ہے) تھارمیں سوار سالیر کوٹھے گاؤں (ارنیا) میں تھے جب انہیں چار آدمیوں کے ایک گروپ نے روکا – جن میں کچھ منشیات فروش بھی شامل تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق مجرم تیز دھار ہتھیاروں اور اسکارپیو میں ہاکی اسٹک سے لیس تھے۔پولیس ذرائع نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ "یہ چار افراد دو پولیس والوں کے ساتھ جھگڑے میں پڑگئے اور ان میں سے ایک نے ہاکی سٹک سے تھارگاڑی کو مارا"۔پولیس ذرائع نے بتایا"اس کے نتیجے میں IR بٹالین کے پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر گاڑی کے اندر سے اپنی سروس رائفل سے فائرنگ کی جس سے دو افراد موقع پر ہی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے"۔پولیس کے مطابق موقع پر جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت عارف خان ولد طالب حسین سکنہ چوہلہ آر ایس پورہ اور محمد صابر ولد محمد سعید سکنہ چک محمد یار آر ایس پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران پروین کمار (24) ولد راج کمار ساکن چک محمود یار، آر ایس پورہ موقع سے فرار ہوگیا۔ ان کی ٹانگ میں چوٹ آئی ہے۔دریں اثنا، بابر،جس کا بھائی محمد صابر فائرنگ کے تبادلے میں جان کی بازی ہار گیا ، گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا۔جبکہ دو پولیس اہلکار (شناخت پوشیدہ) بھی واقعہ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ "دونوں پولیس اہلکاروں نے تھار کو چھوڑ دیا اور موقع سے فرار ہوتے ہوئے اسکارپیو لے گئے۔" فوری طور پر لوگوں کی بڑی تعداد علاقے میں پہنچ گئی اور مختلف تھانوں کی پولیس کی نفری بھی وہاں پہنچ گئی۔زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہسپتال کے اندرونی ذرائع کے مطابق بابر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔آر ایس پورہ میں ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس والوں نے اپنے دفاع میں اس وقت گولی چلائی جب مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا۔رابطہ کرنے پر ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے بتایا ’’اس کیس کی تحقیقات کے لیے ایس پی ہیڈ کوارٹر کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے تیز دھار ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ دو گاڑیاں (تھار اور اسکارپیو) بھی قبضے میں لے لی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں کہ کیا اس کا تعلق پیسہ /منشیات سے ہے، انہوں نے جواب دیا کہ یہ واقعہ ان کے درمیان رقم کے کسی مسئلے سے جڑا ہوا ہے اور اس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔