یو این آئی
نئی دہلی// اردو کی اہمیت اور ترویج و اشاعت پر زور دیتے ہوئے مہمان خصوصی حکومت دہلی کے وزیربرائے فن وثقافت والسنہ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اردو کی ترویج و ترقی کیلئے دہلی حکومت ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اردو اکادمی ،دہلی کے زیراہتمام کل ہند مشاعرہ جشن آزادی کے موقع پر کہی۔انہوں نے کہاکہ ہمار ی کوشش تھی کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی کے موقع پر مشاعرہ ہوتاکہ ہرجگہ کے سامعین اردو شعراکے کلام سے لطف اندوز ہوسکیں اورآزادی کے اس جشن میں شامل ہوسکیں۔انہوں نے انصاری آڈیٹوریم میں موجود سامعین کی بھی تعریف کی اورکہاکہ آپ لوگ بڑے ہی اچھے اورمہذب طریقے سے اس مشاعرے کو سن رہے اورشعراکو داد دے رہے ہیں۔ساتھ ہی انھوں نے اعلان کیاکہ بہت جلد جامعہ کے کھلے میدان میں اردواکادمی کے تحت اس سے بھی بڑے مشاعرے کا انعقاد کیاجائے گا۔مشاعرے کے مہمان اعزازی اوکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ خان نے اپنی مختصر تقریرمیں اردو اکادمی دہلی کی سرگرمیوں اوراس کے کام کرنے کے طریقے کو سراہااور جامعہ میں اپنے طالب علمی کے زمانے کوبھی یاد کیا۔