نئی دہلی/یو این آئی/ہندوستان اور ارجنٹائنا نے صحت کی دیکھ بھال اور فارما، توانائی، کان کنی، دفاع، ریلوے، جوہری توانائی، خلائی، زراعت سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔بیونس آئرس میں دونوں ممالک کے درمیان فارن آفس کنسلٹیشنز (ایف او سی )کے ساتویں دور میں ج یہ بات چیت ہوئی۔ وزارت خارجہ میں سکریٹری (مشرق)جے دیپ مجمدار اور خارجہ امور کے نائب وزیر لیوپولڈو فرانسسکو سہورس نے مذاکرات کی مشترکہ صدارت کی۔ ایف او سی کے آخری دور کے مذاکرات نومبر 2021 میں نئی دہلی میں ہوئے تھے ۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اپنے تعلقات کے تمام پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے علاوہ، دونوں وفود نے صحت کی دیکھ بھال اور فارما، توانائی، کان کنی، دفاع، ریلوے، جوہری، خلائی، زراعت، ثقافت اور قونصلر امور سمیت تعاون کے دیگر اہم شعبوں کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ دلچسپی کے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے اعلی سطحی دوروں کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ایف او سی کا اگلا دور نئی دہلی میں باہمی طور پر مناسب تاریخ پر منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ میٹنگ نے ارجنٹائنا کے وزیر خارجہ کے ہندوستان کے آئندہ دورہ سے قبل دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا۔