سرینگر// اربن لوکل باڈیز ملازمین نے جمعرات کو پریس کالونی لالچوک میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی مستقلی اور محکمہ کے ڈائریکٹر کے تبادے کا مطالبہ دہرایا ۔ اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائٹیڈ فورم کے بینرتلے ہوئے احتجاج میں وادی سے آئے ہوئے ملازمین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں وہ ہمہ گیر اور منظم احتجاجی مہم چھیڑ دینگے ۔ اس دوران پولیس نے جلوس کو ناکام بناتے ہوئے فورم کے صدر سمیت کئی کارکنان کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ٹریڈ یونین لیڈر اور ای جے سی سی اور فورم کے صدر کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں ملازمین نے دیرینہ مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ان کو فوری طور حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی ملازمین نے موجودہ ڈائریکٹر کی ملازم کش پالسیوں کی نکتہ چینی کرتے ہوئے حکومت سے ان کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا اور ان کی جگہ محکمہ میں ایسے آفیسر کی تعیناتی عمل میں لانے کی وکالت کی جومحکمہ کے کام کاج سے اچھی طرح واقف ہو۔ملازمین کا کہنا ہے کہ مختلف پرگراموں اور احتجاجوں کے ذریعے مطالبات حکومت کی نوٹس میں کئی بار لائے گئے لیکن حکومت کی ہٹ دھرمی اور سرد مہری کی وجہ سے مسائل جوں کے توں پڑے ہیں ۔احتجاجی ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڑ اور بینر اٹھارکھے تھے جن پر مطالبات کے حوالے سے نعرے درج تھے ۔ احتجاج میں شامل ایک ملازم نے بتایا ’’گذشتہ 14 برسوں سے وہ محکمہ میں قلیل ماہانہ اجرت پر کام کر رہے ہیں اور حکومت کو مستقلی کے حوالے سے منت کر رہیں ہیں لیکن حکومت ہمیشہ مطالبات کے حوالے سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے‘‘ ۔اس موقعہ پر اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائیٹیڈ فورم کے صدر منظور احمد پانپوری نے کہا کہ حکومت ہاوسنگ وڈائریکٹوریٹ انتظامیہ کو اپنے رویہ میں تبدیلی لاتے ہوئے ہٹ دھرمی کوترک کر ے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی طرف سے فورم نے حکومت کے سامنے 15نکاتی مطالبات پیش کئے ہیں جنہیں فوری طور حل کرنے کی ضررت ہے ۔فورم صدر نے وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے بلدیات ،چیف سیکریٹری وفائنانس کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے کی حساسیت سمجھ کر ملازمین کے دیرینہ مسائل کو فوری طور حل کریں اور اگر حکومت نے سابقہ روایت قائم رکھتے ہوئے مسائل کو فوری طور حل نہ کیا توہمہ گیر احتجاجی مہم چھیڑ دی جائے گی ۔ دریں اثناء ملازمین نے پریس کالونی سرینگر سے احتجاجی جلوس کو لالچوک کی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بر وقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے کئی کارکنان سمیت اربن لوکل باڈیز ایمپلائز فورم کے صدر کی گرفتاری عمل میں لائی ۔