محمد تسکین
بانہال//ادہم پور سرینگر ٹرین سروس کا افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں ہونے جارہا ہے۔اس ضمن میں کمشنر ریلوے کی جانب سے شمالی ریلوے کو ایک دستی خط روانہ کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے ’’ادہم پور بارہمولہ سیکشن کے درمیان فروری کے پہلے ہفتے میں ٹرین کا افتتاح کرنے کے پیش نظر کٹرہ سے بڈگام تک کے لئے آزمائشی رن مکمل کرنے کیلئے شکور بستی دہلی سے بڈگام تک25اور 26 جنوری کو وندے بھارت بوگیاں پہنچا ئیں جائیں ‘‘۔یاد رہے پہلے اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ کشمیر کیلئے ریل سروس کا افتتاح 26جنوری کے روز کیا جائیگا۔ لیکن ایک روز قبل ناردرن ریلوے نے دہلی سے سرینگر ریل سروس شروع کرنے کیلئے 50روز کی مہلت مانگی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ تین روز قبل کٹرہ اور بڈگام کے درمیان پہلی بار 22 بوگیوں پر مشتمل ایک ریل گاڑی کو آزمائشی طور چلایا گیا اور یہ آزمائشی ریل ٹرائل رن کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔اس ریل گاڑی میں18 آئر کنڈیشنڈ بوگیوں کے علاہ دو مال بوگیاں اور دو انجن شامل تھے ۔ریلوے حکام نے بتایا کہ یہ ریل گاڑی اتوار کی صبح قریب ساڑھے آٹھ بجے کٹرہ سے روانہ کی گئی اور بانہال ،اننت ناگ اور سرینگر میں کچھ وقت رکنے کے بعد قریب 12 بجکر 15 منٹ پر بڈگام پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ کہ کٹراہ اور وادی کشمیر کے درمیان ریل سروس کو شروع کرنے سے پہلے اس ٹریک پر مختلف قسم کے آزمائشی تجربات کئے جارہے ہیں جس میں کٹرہ اور بانہال کے درمیان الیکٹرک ٹرین کی رفتار اور انجی کھڈ اور چناب ریلوے پلوں پر ریل رفتار اور وزن کا ٹیسٹ شامل تھا اور وہ کامیاب رہے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹرہ اور سرینگر درمیان یہ پہلا ٹرائل رن تھا اور اس ریل ٹرائل رن کو کمشنر ریلوے سیفٹی دنیش چند دیشوال کی جانب سے نئی تعمیر شدہ براڈ گیج لائن کو کھولنے کی اجازت دینے کے چھ دنوں کے اندر اندر عمل میں لایا گیا ۔