عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت محکمہ سماجی بہبود ادھم پور کے تعاون سے لڑکوں اور لڑکیوں کے 15، 17 اور 19 سال کی عمر کے زمرے میں ہفتہ طویل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ادھم پور سلونی رائے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ ایڈیشنل ایس پی بلجیت سنگھ اور آئی ٹی بی پی کے 2 آئی سی بلویندر سنگھ مہمان خصوصی تھے اور ضلع سماجی بہبود افسر کنیکا گپتا نے پروگرام کی صدارت کی۔ٹورنامنٹ میں جموں ڈویژن کے مختلف اضلاع کے 350 سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کی اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دی۔ڈی سی نے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد ضلع کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کے کلچر کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک قدم ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی جسمانی اور ذہنی تندرستی کیلئے گیمز میں حصہ لیں۔ انہوں نے منتظمین کی جانب سے شرکاء میں اخلاقی اور کھیلوں کے جذبے کو ابھارنے کے لئے کئے گئے اقدام کو سراہا۔ موصوف نے چھوٹے بچوں کے سائنسی مزاج اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینے کے لئے ان کے حوصلے بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ڈی سی نے منشیات کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی اور طلباء پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور مستقبل کے منصوبوں اور کیریئر کے مواقع پر توجہ دیں تاکہ تعلیمی اور کھیلوں میں سبقت حاصل کی جا سکے۔