راجوری//ادھم پور میں دوہرے دھماکوں کے بعد راجوری اور پونچھ میں حفاظتی انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے ۔گزشتہ روز ادہمپور میں ہوئے دو دھماکوں کے دوران 2افراد کے زخمی ہونے کیساتھ ساتھ کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا ۔حکام کا کہنا ہے کہ ان دو دھماکوں کے بعد علاقے میں مناسب حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی عمل کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اعلی حکام کی طرف سے ایک تازہ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد جڑواں اضلاع میں سیکورٹی کو مضبوط کر دیا گیا ہے کیونکہ ادھم پور میں دو دھماکوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کو مزید سوچنے پر مجبور کر دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اندرون ملک سیکورٹی کی دیکھ بھال کرنے والی تمام سیکورٹی فورسز سے کہا گیا ہے کہ وہ اس خطے میں ایسے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے چوکس رہیں۔عہدیداروں نے مزید بتایا کہ راجوری ضلع میں جموں و کشمیر پولیس نے مسافروں اور ٹور آپریٹرز، ڈرائیوروں کے ساتھ بیداری کیمپوں کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ وہ اضافی چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک چیز کو دیکھنے کی صورت میں فورسز کو اطلاع دیں۔