عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ادھم پور ضلع کے بالائی علاقوں میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کی تلاشی مہم بدھ کو دوسرے دن میں داخل ہوئی۔سیکورٹی فورسز اضافی کمک کے ساتھ علاقے میں پہنچ گئی ہے۔حکام نے بتایاکہ پولیس، فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی طرف سے بسنت گڑھ کے پاتھی نالہ خانید علاقے میں ایک وسیع مشترکہ تلاشی آپریشن جاری ہے، جہاں منگل کو دیر گئے ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کے ساتھ فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ ملی ٹینٹ ابھی بھی جنگل علاقے میں چھپے ہوئے ہیں اور انہیں بے اثر کرنے کے لیے گھیرا پھیلانے کے لیے صبح کے وقت مزید کمک بھیجی گئی۔دریں اثنا، سیکورٹی فورسز نے2 ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد راجوری ضلع کے کالاکوٹ علاقے میں دیار گالا جنگل میں محاصرے اور تلاشی کارروائی شروع کی، جن میں سے ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ ملی ٹینٹ گنڈہ گائوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ حالیہ تصادم میں زخمی ہوا تھا لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ دیار گالہ میں نظر آنے والے دو ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ادھرسیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔پولیس نے بتایا کہ ایک مربوط آپریشن میں، پولیس اور فوج کی 9 راشٹریہ رائفلز نے کولگام ضلع کے دمہال ہانجی پورہ کے سرمرگ جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کرکے اْسے تباہ کردیا”۔اْنہوں نے بتایا کہ برآمد سامان میں برتن، کپڑے اور دیگر سامان شامل ہے۔ادھر ایک پرانا انڈر بیرل گرینیڈ لانچر(یو بی جی ایل)گولہ بدھ کو پونچھ ضلع میں سیکورٹی فورسز نے برآمد کیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ خول سرنکوٹ علاقے میں چندیمار ندی کے قریب اس وقت ملا جب کچھ لوگوں نے اسے دیکھا اور حکام کو اطلاع دی۔انہوں نے مزید کہا کہ شیل کو ناکارہ بنا دیا گیا۔