ظفر اقبال
اوڑی//اخروٹ گری کی قیمتوں میں اضافہ درج ہونے کی وجہ سے آجکل کسان اورتاجر خوش نظر آرہے ہیں۔ سرحدی قصبہ اوڑی کی مصروف ترین اخروٹ منڈی لگامہ میں ان دنوں بڑا جوش وخروش ہے۔ رواں سیزن میں اخروٹ گری کی قیمتیں 1200روپئے فی کلو گرام پہنچ گئی ہیں جسے تاجرخوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ مقامی تاجر اس اضافے کو بین الاقوامی تجارتی پالیسیوں میں تبدیلیوں سے منسوب کررہے ہیں۔ ڈرائی فروٹ ایسوسی ایشن اوڑی کے صدر محمد امین چالکو کا کہنا ہے کہ،پچھلے سال تک غیر ملکی درآمدات نے مارکیٹ پر غلبہ حاصل کیا تھا جس کا مقابلہ کرنا مقامی تاجروں کیلئے مشکل تھا۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ اب پورے ہندوستان میں مقامی اخروٹ کی مانگ بڑھ گئی ہے اور بڑھتی ہوئی قیمتیں تاجروں کیلئے ایک ریلیف ہے۔انہوں نے کہا ’’کسان بھی اس کے اثرات محسوس کر رہے ہیں‘‘۔ گھرکوٹ کے ایک کاشت کار شبیر احمد نے کہا’’ اخروٹ کی کاشت میں سخت محنت کے باوجود منافع تسلی بخش نہیں تھا۔تاہم اس سال ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بالآخر ہماری پیداوار کومناسب قدرو قیمت مل رہی ہے‘‘۔