عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں انڈین آرمی کی 48 آر آر کی جانب سے آنجہانی اجے سنگھ والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں قریباً 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ بدھ کے روز سہہ پہر تین بجے اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ احسان کلب راجوری اور چوہدری کلب راجوری کے درمیان کھیلا گیا جو چوہدری کلب راجوری نے جیت لیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اسی علاقے میں آرمی کے ایک افسر اجے سنگھ نے ملی ٹینٹوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کر دیا تھا۔ فوج کی 48 آر آر کی جانب سے ان کی یاد میں 2 سے 5 اکتوبر تک شاندار اوپن والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے 16 ٹیمیوں نے حصہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انڈین آرمی نے والی بال کے فروغ اور معاشرے کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے ٹورنامنٹ منعقد کیا، یہ والی بال ٹورنامنٹ پورے جوش و جذبہ کے ساتھ جاری ہے۔
شہریوں کی جانب سے انڈین آرمی کی کاوشوں کو خوب سراہا گیا۔ اس موقع پر 48 آر، آر کے کمانڈنگ آفیسر نے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں کو معاشرے کی برائیوں سے دور رہنے میں مدد دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے لوگوں نے ایونٹ کے انعقاد میں بہت زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے لہٰذا آئندہ بھی اسی طرح کے کھیلوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ وہیں مقامی لوگوں اور کھلاڑیوں نے انڈین آرمی کی 48 آر آر بٹالین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوج نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر 48 آر آر کے کمانڈنگ افسر میجر انوپ چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر، سینیئر بی جے پی لیڈر عبدالغنی شال، کونسلر مشتاق میں تھکر، کونسلر نصیر احمد شال، سول سوسائٹی کے معززین، لوکل میڈیا اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد
نے شرکت کی۔ اس ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر مقامی لوگوں علاقہ بھر کے نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے انڈین آرمی کا شکریہ ادا کیا ہے۔