اشرف چراغ
کپوارہ// کپوارہ کے ڈسٹرکٹ جیل میں گیس سلنڈر دھماکے سے 9قیدی زخمی ہوئے جن میں سے 2کی حالت نازک ہے اور 5کو سرینگر منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بعد دوپہر ڈسٹرکٹ جیل کپوارہ میں گیس کے اخراج کی وجہ سے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد جیل میں افرا تفری مچ گئی۔ بعد میں پتہ چلا کہ گیس سلنڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں 9قیدی زخمی ہوئے ۔جیل انتظامیہ نے فوری طور زخمیو ں کو سب ضلع ہسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا جن میں5کوسرینگر منتقل کیا گیا۔دو کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔زخمی قیدیوں میںسید توصیف گیلانی ، جمیل احمدساکنان ٹنگڈار،شاہجہان شاہ ساکن ڈانگر پورہ سوپور،عاشق حسین تیلی ساکن بانڈی پورہ،خورشید احمد بٹ ساکن امر گڑھ سوپور،غلام رسول وار ساکنگونی پورہ کپوارہ، جاوید احمد بٹ ساکن بارسو گاندربل، ہلال احمد ملک ساکن سوپور اور جاوید احمد ملہ ساکن ارن بانڈی پورہ شامل ہیں۔اس حوالہ سے جیل سپر نٹنڈنٹ شہباز حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ساڑھے چار بجے کے قریب گیس کے اخراج کی وجہ سے گیس سلنڈر پھٹ گیا جس میں متعدد قیدی زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور نزدیکی ہسپتال میں دا خل کیا گیا جہا ں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے تاہم ان کی حالت مستحکم ہے ۔
اجس بانڈی پورہ
شمالی ضلع بانڈی پورہ کے اجس قصبے میں دوران شب گیس سلنڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں آگ کی ہولناک واردات میں دو رہائشی مکانات خاکستر جبکہ چھ افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ علاقے میں ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی جس سے وہاں مکان میں موجود گیس سلنڈر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آگ بجھانے میں مصروف چھ افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ آگ لگنے کے ساتھ ہی وہاں ایک اور رہائشی مکان بھی لپیٹ میںآیا اور وہ بھی خاکستر ہوا۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروس حکام نے بتایا کہ دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلنڈر پھٹنے سے9 شہری اس واقعے کے دوران زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگی ہو گی ۔