بارہمولہ//جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم زون واگورہ بارہمولہ نے موجودہ صورت حال میں اساتذہ کے رول کے موضوع پر ایک تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں معاشرے کے مختلف طبقہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد ، اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے حکام پر زور دیا کہ وہ اتوار کے سوا تمام تعطیلات منسوخ کریں تاکہ کووڈ 19 کے دوران ہوئے تعلیمی نقصان کی تلافی کی جاسکے۔ چیئرمین جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم فاروق احمد تانترے مہمان خصوصی تھے جبکہ ضلع صدر محمد یعقوب بٹ مہمان ذی وقار تھے۔تعلیمی کانفرنس کے آرگنائزر اور زونل صدر واگورہ محمد صادق نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد موجودہ تعلیمی دور میں اساتذہ کے رول سے متعلق آگاہی اور خیالات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ فاروق احمد تانترے نے اس تقریب کے انعقاد کے لئے زونل صدر واگورہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرنے والے دیگر افراد میں سپیشل سیکریٹری راہی ارشاد ، ضلع صدر بارہمولہ محمد یعقوب بٹ، ہیڈ ماسٹر گرلز ہائی اسکول واگورہ ، سابق زیڈ ای او چیئرمین مرکزی اوقاف واگورہ نور الدین شاہ ، صدر سٹیزنز فورم واگورہ نصیر احمد راتھر، سابق زونل ایجوکیشن آفیسر غلام احمد شیخ ،ماسٹر محمد ابراہیم کمبے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ضلع نائب صدر امریک سنگھ ، ضلع سکریٹری ریاض احمد گنائی اور مختلف زونل صدوراور دیگرا ساتذہ موجود تھے۔