عظمیٰ نیوزسروس
جموں// طے شدہ اسمبلی انتخابات سے پہلے، چیف سکریٹری اتل ڈلو نےقانون ساز اسمبلی کمپلیکس جموں کا دورہ کرکے اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران سیکرٹری آر اینڈ بی ،سیکرٹری قانون ساز اسمبلی، ڈائریکٹر اسٹیٹس جموں،چیف انجینئر جموں کے ساتھ انجینئرنگ عملہ بھی موجود رہا۔کمپلیکس کے دورے کے دوران، ڈائریکٹر اسٹیٹس نے چیف سیکریٹری کو مختلف اجزاء کی پیشرفت اور اس کی تکمیل کے لیے ٹائم لائن سے آگاہ کیا۔ڈلونے افسروں پر زور دیا کہ کام کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے بغیر کسی تاخیر کے پوری رفتار سے آگے بڑھنا چاہیے۔ڈلونے اس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا تاکہ مختلف حصوں بشمول اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، لائبریری اور دیگر شعبوں کی تزئین و آرائش میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ وہ اپ گریڈیشن کے کاموں کو ہر صورت میں مکمل کرے۔انہوں نے ساؤنڈ سسٹمز، انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی، فرنشننگ اور کمپلیکس کے اگلے حصے کی مجموعی بہتری کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے اس موقع پر قریبی ایم ایل اے ہاسٹل کا دورہ بھی کیا تاکہ وہاں کی گئی بہتری کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے ہاسٹل کمپلیکس میں مطلوبہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے کمپلیکس کا چکر لگایا اور عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ وہاں قانون سازوں کے محفوظ قیام کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں۔جموں کے ڈائریکٹر اسٹیٹس طارق احمد گنائی نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ دونوں کمپلیکس میں اپ گریڈیشن کا کام زوروں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔