اشفاق سعید
سرینگر //ملک کے دیگر بڑے شہروں کی طرح سرینگر میں بھی اب ٹریفک کی روانی کی مانیٹرنگ کیلئے سگنلوں پر 1200 کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جبکہ حکام کا دعویٰ ہے 66 ٹریفک لائٹس میںسے 64پر کام مکمل کر لیا گیاہے جبکہ بمنہ اور صنعت نگر میں جنکشن کی تعمیر کا کام بھی ہاتھ میں لیا گیا ہے ۔ قصبوں اور شہروں میں بڑھتے ہوئے ٹریفک نظام نے سب کو پریشان کر رکھا ہے اور خلاف ورزی پر بھی کوئی روکتھام نہیں ہے ۔ٹریفک پولیس سڑکوں پر دوڑتی گاڑیوں کے نظام کو بحال رکھنے کیلئے اپنے قوانین کے تحت چالان اور جرمانہ تو کرتی ہے لیکن عوام میں ٹریفک قوانین کے بارے میں کوئی خاص آگاہی نہیں ہے ۔حکام نے فیصلہ لیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹریفک کی مونیٹرنگ کیلئے شہر بھی میں قریب 1200کیمرے نصب کئے جائیں گے، جن سے ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائیگا۔نیزساتھ ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لانے میں آسانی پیدا ہوگی۔میونسپل حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم اس کوشش میں ہے کہ کمپاونڈ چالان کے بدلے ای چلان پر توجہ مبذول کرائی جائے تاکہ خلاف وزی کرنے والوں کو گھرمیں ہی چالان پہنچ سکے اور اس کیلئے ٹریفک سگنل پر کیمروں کو نصب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا ۔میونسپل کمشنر سرینگر اطہرعامر خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس نئے سسٹم کے نصب ہونے کے بعد ٹریفک پر مسلسل نگرانی ہو گی اور سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کو ریکارڈ کیا جائے گا اس دوران کوئی ٹریفک قوانین کی خلاف وزری کرتا ہے یا پھر سگنل توڑتا ہے تو اس کی تصویر اتار لی جائے گی نمبر پلیٹ کی مدد سے ٹریفک پولیس کے پاس موجود کمپوٹرازڈ ریکارڈ کے ذریعے گاڑی کے مالک کا نام وپتہ معلوم کر کے چالان اس کے گھر بھیج دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکام نے اس کیلئے 1200کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام 66ٹریفک سگنلوں پر لائٹس نصب کر دی گئی ہیں اور نوگام،بمنہ اور صنعت نگر کے جنکشن پر کام چل رہا ہے اور یہ کام مکمل ہونے کے بعد وہاں پر بھی لائٹس اور کیمرے نصب کر دئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیمرے 24گھنٹے کام کریں گے ۔