بارہمولہ//ہکری پورہ پلوامہ میں منگل کو ہوئے مسلح معرکے میںمارے گئے لشکر کے معروف کمانڈر ابو دُوجانہ کو ضلع بارہمولہ کے مضافاتی گائوں گانٹہ مولہ میں پولیس اور مقامی لوگوں نے رات کی تاریکی کے دوران سپرد خاک کیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق ابودُوجانہ کی لاش کو رات کے گیارہ بجے کے قریب غیر ملکی جنگجوئوں کیلئے بنائے گئے قبرستان پہنچایاگیا ۔بعد میں رات کے بارہ بجے اُسے پہلے سے تیار کردہ ایک قبر میں سُر د لحد کیا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق مہلوک کمانڈرکی نماز جنازہ کی پیشوائی ایک مقامی مفتی نے کی جس میں خاصی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس دوران یہ خبر پھیل تے ہی کہ ابو دُوجانہ کو اس قبرستان میں دفن کیا گیا تو آس پاس کے درجنوں لوگوں نے وہاں آکر فاتحہ خونی کی۔ سرینگر ۔مظفرآباد شاہرہ کے نزدیک اس قبرستان میں پہلے سے ہی 40سے زیادہ غیر ملکی جنگجوئوں کو سپرد خاک کیا گیا ہے ۔ ادھرذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگر چہ علاقے کے کئی لوگ شام دیر گئے تک لاش کا انتظار کررہے تھے تاہم وہ واپس چلے گئے اور پھرابو دُوجانہ کو رات کی تاریکی اور خاموشی میں سپُرد لحد کیا گیا ۔