محمد تسکین
بانہال// محکمہ موسمیات نے منگل کی رات سے ریاست جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور اس پیشگوئی کے عین مطابق منگل کی دوپہر سے ہی ضلع رام بن کے علاقوں میں موسم ابر آلود بنا ہوا ہے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری ہے ۔ رام بن کے علاقے میں وقفے وقفے کا ٹریفک جام بھی رہا تاہم بعد میں اس پر قابو پایا گیا اور معمول کا ٹریفک رواں کیا گیا ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر مسافر ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت جاری ہے البتہ مہاڑ ، پیڑاہ اور ڈھلواس کے مقام سڑک کی حالت خراب اور یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہونے کیوجہ سے ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک میں ہی چلنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے روز وادی کشمیر سے ٹرکوں کو جموں کی طرف چلنے کی اجازت تھی ۔