عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود محکمہ سرمد حفیظ نے کل پوشن پروجیکٹ بیج بہارہ میں آنگن واڑی مراکز کا دورہ کیااور مرکزی معاونت والی مختلف سکیمو ں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ڈِسٹرکٹ پروگرام آفیسر نے کمشنر سیکرٹری کو پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا (پی ایم ایم وِی وائی) اور سپلیمنٹری نیوٹریشن پروگرام (ایس این پی) سمیت اہم اقدامات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اِس موقعہ پر پوشن سے مستفید ہونے والوں کے باقاعدہ طبی معائینوں کا بھی احاطہ کیا گیا جو غذائی صحت کی نگرانی کے لئے نہایت اہم ہیں۔کمشنر سیکرٹری نے تمام افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ان سکیموں کو زمینی سطح پر مؤثر طریقے سے عملائیں اور اپنے کام میں لگن کا مظاہرہ کریں۔اُنہوں نے تمام آنگن واڑی مراکز میں ابتدائی بچپن کی نگہداشت اور تعلیم (ECCE) کو دوبارہ فعال اور مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دِی تاکہ بچوں کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی جا سکے۔