ڈوڈہ//ہر انسانی معاشرے میں کچھ لوگ ایسے ضرور ہوتے ہیں جن کے دلوں میں خدمتِ خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے اور جن کو ضرورت مندوں کی مدد کرنے سے سکون ملتا ہے۔ان میں سے کچھ لوگ ایسے کام کر جاتے ہیں کہ نسلوں تک اُن کا اثر باقی رہتا ہے اور عرصۂ دراز تک لوگ اُن سے مستفید ہوتے ہیں۔ ضلع ڈوڈہ میں بھی ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے اور بہت ساری سماجی تنظیمیں اور انفرادی طور کچھ شخصیات خدمتِ خلق اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں پیش پیش نظر آتے ہیں۔ایسے ہی تنظیموں میں ’’ابابیل ‘‘نامی رضا کار تنظیم بھی شامل ہے جو اگرچہ ابھی نو خیز ہے مگر اپنے کام کرنے کے انداز کی وجہ سے وہ نوجوانوں میں کافی مقبول ہوتی جا رہی ہے اور بہت کم عرصہ میں اُس کا دائرہ کشتواڑ اور رام بن اضلاع تک وسیع ہو گیا ہے۔اس کے رضا کاروں میں زیادہ تر پڑھے لکھے نوجوان اور زیرِ تعلیم طلباء ہیں۔سڑک حادثہ ہو یا کوئی اور قدرتی آفت،’’ابابیل‘‘ کے رضا کار ہر جگہ پہنچ کر بچائو کاروائی میں حصہ لیتے ہیں اور ضرورت مندوں اور پریشان حالوں کی ہر ممکن مددد کرتے ہیں۔وہ نہ صرف خود اپنی بساط کے مطابق مالی امداد فراہم کرتے ہیں،بلکہ اہلِ خیر حضرات سے بھی امداد جمع کر کے ضرورت مندوں تک پہنچاتے ہیں۔ضلع ڈوڈہ ہی نہیں بلکہ ریاست اور بیرونِ ریاست کے آفت زدہ لوگوں کے لئے بھی ’’ابابیل‘‘ کے رضا کار امداد جمع کر کے مستحقین تک پہنچاتے ہیں۔وادیٔ کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے بھی ابابیل نے ایک اچھی خاصی رقم جمع کر کے متاثرین میں تقسیم کی تھی اور اس کے رضا کاروں نے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے کام میں بھی حصہ لیا تھا۔کہیں کوئی سڑک حادثہ پیش آ جائے تو ابابیل کے رضا کار جائے حادثہ پر پہنچ کر بچائو کاروائی میں حصہ لینے کے علاوہ اُس اسپتال میں بھی پیش پیش رہتے ہیں جہاں زخمی زیرِ علاج ہوں۔ زخمیوں کے لئے مالی مددد جمع کرنے کے علاوہ خون کا عطیہ دینے میں بھی یہ رضا کار پیش پیش رہتے ہیں۔رمضان المبارک کے دوران اس تنظیم کے رضا کاروں کا خاص کام ڈوڈہ اور کشتواڑ کے ضلع اسپتالوں میں بیماروں اور تیمار داروں کے لئے سحری اور افطاری کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔یہ کام گذشتہ چند برسوں سے مسلسل کیا جا رہا ہے اور اس وقت ضلع اسپتال ڈوڈہ میں روزانہ اوسطاً70افراد کے لئے سحری اور افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے۔رواں برس سے تنظیم نے مختلف دیہات میں بھی افطاری کا انتظام کرنا شروع کیا ہے اور ابھی تک متعد دیہات میں افطار کی محفلیں سجائی گئی ہیں۔ماہِ مقدس کے دوران اہلِ خیر حضرات سے جمع کی گئی امداد سے ضرورت مندوں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کی جاتی ہیں جب کہ عید کے لئے یتیموں اور بیوائوں کو کپڑے ،راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ کے علاوہ نقد مالی امداد بھی فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیاں منا سکیں۔تنظیم کے نوجوان رضا کاروں میں خدمت کا ایسا جذبہ پایا جاتا ہے کہ جب لوگ راتوں کو آرام کر رہے ہوتے ہیں ابابیل کے رضا کار سحری تیار کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ابابیل کی مقبولیت کا راز دراصل اُس کے رضاکاروں کا اخلاص ،خدمت خلق میں سبقت حاصل کرنے کا جذبہ اور اُس کے ذمہ داروں کا نوجواں سے کام لینے کا طریقے میںمضمر ہے۔