سرینگر//ائیر مارشل سی ہری کمار نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے انڈین ائیر فورس کے رول اور ذمہ داریوں کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور پرنسپل سیکرٹری پلاننگ روہت کنسل نے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران ریاست میں اہم تنصیبات پر ائیر فورس کی تعیناتی، ہوا بازی شعبۂ کی جدید کاری، ہوائی اڈوں کی توسیع اور ریاست کے ہوائی اڈوں میں شبانہ پروازوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔گورنر نے ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنے اور اہم مواقعوں پر ریلیف اور باز آباد کاری کے کاموں میں پیش پیش رہنے پر ائیر فورس کے رول کی ستائش کی۔گورنر نے کہا کہ کسی بھی حادثے یا آفت کے وقت ائیر فورس نے اشیاء ضروریہ کی فراہمی اور باز آباد کاری کے کاموں میں اہم رول ادا کیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف وی ایس کے کموڈی نے بھی گورنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے سی آر پی ایف کے کام کاج، اندرونی سیکورٹی منیجمنٹ اور مختلف اہم مقامات پر پولیس و سی آر پی ایف کی آپریشنل تعیناتیوں سمیت سوک ایکشن پروگراموں کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔گورنر نے مقامی پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے ریاست میں امن و قانون کو بنائے رکھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امر ناتھ یاترا2018 کے احسن انعقاد کے لئے سی آر پی ایف کی سراہنا کرتے ہوئے ریاستی عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات بنائے رکھنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔