عارف بلوچ
سرینگر//جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے اکہال جنگلاتی علاقے میں اتوار کو تیسرے روز بھی سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم جاری رہا ۔ابھی تک اس مسلح تصادم آرائی میں دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت اور 3فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ فوج کی 9آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف18بٹا لین کی مشترکہ کارروائی کے دوران وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ اور دھماکے ہو رہے ہیں۔ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاعات کے بعد جمعہ کی شام شروع ہونے والے انکائونٹر میں اب تک دو ملی ٹینٹ مارے جا چکے ہیں۔آپریشن جاری ہے، سیکورٹی فورسز نے گھنے جنگلاتی علاقے میں گھیرا تنگ کرتے ہوئے اضافی کمک طلب کرلی ہے۔20ایم ایم برج گن سے لیس بھارتی فوج کا HAL Rudra حملہ ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کیلئے کولگام میں تعینات کیا گیا ہے۔یہ تصادم 3 دن میں داخل ہونے پر جاری انسداد دہشت گردی آپریشن میں قریبی فضائی مدد فراہم کر رہا ہے۔تعیناتی سے جنوبی کشمیر میں فائر پاور اور فضائی نگرانی کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اکہال جنگلات میں جمعہ کے روز سہ پہر کو 5سے زائد ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع ملنے کے بعد محاصرہ کیا گیا تھا اور تب سے یہاں پچھلے 48گھنٹوں سے تصادم ہورہا ہے۔طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اور دھماکے ہورہے ہیں۔اتوار کو تیسرے روز بھی آپریشن جاری رہا اور تازہ فائرنگ واقعہ میں ایک اور فوجی اہلکار زخمی ہو گیا ۔ تین روز کے دوران 3 فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ ادھر جنگلات میں ممکنہ طور پر چھپے بیٹھے دو سے تین ملی ٹنٹوں کی تلاش کیلئے آپریشن وسیع کردیا گیا جس دوران ہیلی کاپٹر سروس او ر ڈرون بھی استعمال ہو رہے ہیں ۔سنیچر کو بڑے پیمانے پر گھنے جنگلاتی علاقے، جہاں ایک چھوٹی بستی بھی ہے، دھماکے سنے گئے۔یہ صورتحال دن بھر جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران فوج کی اضافی کمک جنگلات میں روانہ کر دی گئی ہے ۔