یواین آئی
نئی دہلی// ریڈیو پر آواز کی دنیا کے جادوگر مانے جانے والے اور ‘بناکا گیت مالا جیسے پروگراموں کے ذریعے اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے امین سیانی کا منگل کی رات ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ان کی عمر 91 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے بڑھاپے کی بیماریوں میں مبتلا تھے۔ امین سیانی کو کل دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں ممبئی کے ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں کی انتھک کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جاسکا اور انہوں نے شام کو آخری سانس لی۔ریڈیو سے وابستہ شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو گا جو امین سیانی سے بے خبر ہو۔ ان کی سحر انگیز آواز کے ساتھ ساتھ ‘بہنوں اور بھائیوں سے خطاب نے سامعین کو پروگرام کے اختتام تک اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ سیانی کے پروگرام ‘بناکا گیت مالا (بعد میں ‘سب کا گیت مالا) نے ریڈیو کی دنیا میں وہی مقبولیت حاصل کی جتنی ٹیلی ویڑن کی دنیا میں سیریل ‘رامائن اور ‘مہابھارت نے حاصل کی۔سیانی کے انتقال نے ان کے مداحوں کو سوگوار چھوڑ دیا۔
وزیراعظم اور وزیرداخلہ کااظہار دکھ
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ نے معروف ریڈیو شخصیت امین سیانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک ایکس پوسٹ میں، وزیر اعظم نے کہا؛ ’’ امین سیانی جی کی ہوا کے دوش پر سنہری آواز میں دلکشی اور گرمجوشی تھی جس نے انہیں نسل در نسل کے لوگوں میں محبوب بنادیا۔ اپنے کام کے ذریعے، انہوں نے ہندوستانی نشریات میں انقلاب لانے میں اہم کردار ادا کیا اور اپنے سامعین کے ساتھ ایک بہت ہی خاص رشتہ قائم کیا۔ ان کے انتقال سے دکھ ہوا۔ ان کے اہل خانہ،مداحوں اور تمام ریڈیو سے محبت کرنے والوں سے تعزیت۔ ان کی روح کے سکون کے لئے دعا کرتا ہوں۔‘‘مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے وقت کے مشہور ریڈیو اناؤنسر امین سیانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے قریبی رشتہ داروں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔