عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ریلوے پولیس ہیڈکوارٹر جموں (کیمپ) میں سنیل کمار،اے ڈی جی پی ریلویز جموں و کشمیر کی طرف سے جرائم اور سیکورٹی کا ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی ریلوے نے پرانے اور تازہ کیسوں کا جائزہ لیا اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے افسران کو ضروری ہدایات اور رہنما خطوط جاری کیے۔ انہوںنے زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا گیا۔ آنے والے تہواروں جیسے کہ نوراترا، دیپاولی اور دیگر اہم مذہبی تہواروں کے پیش نظر، افسران سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گشت اور چیکنگ کو تیز کریں۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اہم تعیناتی پوائنٹس اور حساس مقامات کا اچانک دورہ کریں تاکہ سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات جوانوں کی سیکورٹی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ آنے والے تہواروں کے موسم کے دوران ریلوے سٹیشن جموں پر آنے والے مسافروں کے بھاری رش کے پیش نظر اے ڈی جی پی ریلوے جموں نے خصوصی طور پر ریلوے سٹیشن جموں پر پٹریوں پر تعیناتی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔