آمدنی میں اضافہ قومی اوسط سے زیادہGST ٹیکس محکمہ کا آئی سی اے آئی کیساتھ مفاہمت نامے پر دستخط

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //جموں و کشمیر کے ریاستی ٹیکس محکمہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی ) کے ساتھ ریاستی ٹیکس محکمہ کے افسران کی معلومات کے تبادلے اور صلاحیت بڑھانے کیلئے ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ۔انہوںنے کہا کہ مفاہمتی یاداشت ایک نئی شراکت داری کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی پالیسی سازی اور ٹیکس سے متعلق دیگر مختلف پہلوؤں میں ریاستی ٹیکس کے محکمے کو آئی سی اے آئی کی حمایت اور مدد کاروبار اور معیشت میں آسانی کیلئے جاری اصلاحات کو تقویت دے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیر کی جی ایس ٹی آمدنی میں اضافہ قومی اوسط سے بہت زیادہ رہا ہے اور ہمارے پاس مستقبل کے امکانات کے بارے میں پراعتماد ہونے کی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ہم نے سماجی مساوات کے ساتھ اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کیلئے گذشتہ چند برسوں میں اصلاحات کی ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ نئی پالیسیوں ، گورننس میں زیادہ شفافیت اور کرونیزم کے خلاف کریک ڈاؤن نے کاروباری اداروں ، صنعتوں اور نئے دور کے کاروبار کو ترقی کرنے کے قابل بنایا ہے ۔ ہم نے معیشت کو مزید مسابقتی بنانے ، ٹیکس کی بنیاد کو بڑھانے ، تعمیل کرنے اور شہریوں اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے پر بہت زور دیا ہے ۔ ‘‘ انہوں نے محکمہ اور یو ٹی کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صنعت کاری کو آگے بڑھانے اور جموں و کشمیر کو وکشت بھارت کے انجنوں میں سے ایک بنانے میں تعمیری کردار ادا کریں۔