کپوارہ//کرالہ پورہ کپوارہ کے آلوسہ سلامت واری علاقہ میں قائم سٹون کریشر عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے ۔یہ کریشر محکمہ بیکن نے نصب کیا ہے ۔آ لوسہ اور اس کے ملحقہ علاقوں جن میں سلامت واری ،کلمونہ ،بابا پورہ اورشولورہ شامل ہیں ،کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ محکمہ بیکن نے 7سال قبل یہا ں آ بی اول اور نالہ کہمل کے کنارے پر عارضی طور ایک میکڈم پلانٹ نصب کر دیا ۔ علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ بیکن کی جانب سے چلائے جانے والا سٹون کریشر اب سوہان روح بن چکا ہے کیونکہ دن بھر سٹون کریشر چالو رہنے سے گرد و غبار نے لوگو ں کا جینا حرام کر دیا اور اس سے نکلنے والا گندہ پانی نالہ کہمل کے پانی سے مل جاتا ہے جو آ س پاس کے لوگ استعمال کرتے ہیں۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اب ما حولیات پر بھی اثر انداز ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں امسال دھان کی فصل بھی تباہ ہو گئی ۔مقامی لوگو ں نے الزام لگایا ہے کہ بیکن عملہ نے کریشر کیلئے نالہ کہمل استعمال میں لاکر نالہ کی ہیت بھی بگاڑ دی ہے ۔مقامی لوگو ں نے اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ایک سال قبل یہ معاملہ انتظامیہ کی نو ٹس میں لایا گیا لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سٹون کریشر کو فوری طور بند کیا جائے تاکہ ماحویاتی توازن کو بر قرار رکھا جاسکے۔