ٹی ای این
سرینگر//ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر شکتی کانت داس نے ریگولیٹڈ اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو بہتر بنائیں کیونکہ ان اداروں کے نظام اور طریقہ کار میں ’کچھ خلا‘ کی نشاندہی کی گئی ہے۔
آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے آر بی آئی اومبڈسمین کی سالانہ کانفرنس میں کہاکہ’ ہم نے ان کمیوں کو انفرادی بینکوں اور غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں (NBFCs) کی نوٹس میں لایا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ ریگولیٹڈ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے اور اس طرح کی کمیوں کو دور کیا جائے۔ریگولیٹر نے ان کی داخلی شکایات کے ازالے کے عمل کو تقویت دینے کے لیے ریگولیٹڈ اداروں میں ایک داخلی محتسب (IO) میکانزم قائم کیا تھا‘۔ داس نے کہا کہ IO کے کام کاج میں’کافی بہتری‘ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ بہت سے مواقع پر، آئی اوز صرف ریگولیٹڈ اداروں کے فیصلے کی توثیق کرتے ہیں۔ کئی صورتوں میں، مسترد شدہ شکایات کو IO کے پاس نہیں بھیجا جا رہا ہے‘‘۔ داس نے کہاکہ اندرونی تنازعات کے حل کے نظام کی بنیاد ہی اس کی منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ فیصلہ دینے کی صلاحیت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا ’’اندرونی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔داس نے کہاکہ رواں مالی سال (24-2023) میں اب تک 268,000 شکایات موصول ہوئیں۔